کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز کپ ون ڈے کی فاتح پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹور نامنٹ اچھا رہا جس میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملا، کوچز کا بنیادی مقصد ٹیم کو تیار کرنا تھا، ہم نوجوانوں کو ایک موقع دینا چاہتے تھے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کی ترقی اور نمائندگی کر سکیں۔ انفرادی طور پر، مجھے مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں یقینی طور پر زیادہ سے زیادہ ریڈ بال کر کٹ کھیلوں گا، ٹورنامنٹ میں لمبے اسپیل کی گیند کی اور اس سے مجھے مزید اعتماد ملا، انہوں نے فاسٹ بولر علی رضا کے کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ وہ جس طرح سے بولنگ کر رہا ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کے لیے ایک کارآمد اثاثہ ثابت ہوگا، فاسٹ بولر حسنین کا ٹخنے کی طویل مدتی انجری سے واپسی پر ایک سنسنی خیز ٹورنامنٹ تھا، اس نے بہترین بولنگ کی اور جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ مارخورز کے کپتان افتخار احمد کا کہنا ہے کہ فائنل اچھا رہا، ٹور نامنٹ میں کچھ کھلاڑیوں نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے،جس سے ان کو آگے بڑھنے میں مدد ملےگی۔