پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور وی لاگر عمر خان المعروف یوخانو پیرس میں لُٹ گئے۔
یو خانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختلف ویڈیوز شیئر کر کے اپنے مداحوں کو اپنی حالتِ زار سے آگاہ کیا ہے۔
یوخانو گزشتہ چند دنوں سے یورپ کے ٹور پر تھے، جرمنی کے دارالحکومت برلن کے سیر سپاٹوں کے بعد جوں ہی وی لاگر فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچے تو چند گھنٹوں میں ان کا بیگ چوری ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ جب ایفل ٹاور کی سیر کر رہا تھا تو اس دوران جوتے کے تسمے باندھنے کے لیے بیگ زمین پر رکھا اور لمحے بھر میں میرا بیگ چوری ہو چکا تھا، جس میں پاسپورٹ، کیمرہ، آئی پیڈ، پیسے اور دیگر سامان موجود تھا۔
وی لاگر کے مطابق بیگ میں موجود کیمرے میں تمام کانٹینٹ بھی تھا جو انہوں نے یورپ ٹور کے دوران ریکارڈ کیا تھا۔
انہوں نے ابتدائی ویڈیو میں یہ بتاتے ہوئے مدد طلب کی ہے کہ میرا ویزا ایکسپائر ہونے میں صرف 2 دن باقی ہیں، اس لیے اگر کسی کی پاکستان ایمبیسی میں جان پہچان ہے تو وہ مدد کرے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا ہے کہ میں نے مقامی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر بھی درج کروا دی ہے۔
بعدازاں انہوں نے اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے نے مجھے (ETD) سفری دستاویز فراہم کر دی ہے، جس کی مدد سے وطن واپس آ رہا ہوں۔
انہوں نے فالوورز کو آگاہ کیا ہے کہ ایسی صورتِ حال میں کیا کرنا چاہیے۔