پاکستان کے دورے پر آئے مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ قرآن کا ترجمہ پڑھ کر اسلام کا داعی بن گیا۔
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پر تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا، سب سے اہم کام دعوت کا ہے اور میں اسلام کا داعی بن گیا۔
مذہبی اسکالر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی میری دیرینہ خواہش آج پوری ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کچھ دوست ملنے آئے میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
اس دوران مولانا فضل الرحمان نے اظہار خیال کیا اور کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی، ڈاکٹر صاحب جیسے سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں، عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد واتفاق مشترکہ ہدف ہے۔
اس بارے میں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکرنائیک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے، مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جے یو آئی سربراہ کو پرفیوم کا تحفہ دیا۔
اسلم غوری نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی۔