لندن (اے ایف پی) لندن کے ایک سکول کے باہر تیزاب کے مشتبہ حملے میں طلباء اور عملے کے ایک رکن سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔لندن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ سیال مادے کے ٹیسٹ جاری ہیں،اس مرحلے پر افسران کو یقین ہے کہ یہ تیزاب ہے، جس میں ایک 14سالہ لڑکی کو آنے والے زخم ممکنہ طور پر اس کی زندگی بدل سکتے ہیں۔ذمہ داروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے فوری انکوائری جاری ہے۔مغربی لندن کے ویسٹ منسٹر اکیڈمی اسکول میں پیش آنے والے واقعے میں معمولی زخمی ہونے والے 16سالہ لڑکےاور 27 سالہ خاتون کواسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔اسکول کی پرنسپل نمیرہ انور نے کہا کہ ایک طالب علم، ایک استاد اور ایک عام شہری اس تکلیف دہ واقعے میں زخمی ہوئے، جس میں تیزاب نما سیال مادہ پھینکا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ اسکول کی عمارت کے باہر سڑک پر اس وقت پیش آیا جب طلباء اور عملہ جا رہے تھے۔نمیرہ انور نے کہا کہ یہ ہماری کمیونٹی کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کو گزشتہ روز بند کر دیا گیا تھا تاکہ مکمل تحقیقات کی اجازت دی جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسکول معمول کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ دوبارہ شروع ہوسکے۔ویسٹ منسٹر سٹی کونسل کے رہنما ایڈم ہگ نے کہا کہ یہ اسکول کے طالب علموں اور عملے کے ایک رکن پر واقعی ایک حیران کن حملہ تھا۔