جرمن چانسلر اولاف شولز نے اسرائیل پر ہونے والے ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے فوری حملے بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے اسرائیل پر راتوں رات ہونے والے ایرانی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حزب اللّٰہ و ایران فوری طور پر اسرائیل پر حملے بند کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران پورے خطے کو آگ لگانے کا خطرہ مول لے رہا ہے۔
تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں: روس
ادھر کریملن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ منگل کی شب ایران نے اسرائیل پر سینکڑوں بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں دھماکے ہوئے، اس دوران دارالحکومت سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجائے جاتے رہے اور تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا۔
گزشتہ شب ہونے والے ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو زیرِ زمین جانے پر مجبور کر دیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے حماس اور حزب اللّٰہ کے رہنماؤں کی حالیہ شہادتوں، لبنان میں جاری جارحیت اور غزہ میں ہونے والی نسل کشی کی جنگ کا بدلہ ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اگر صہیونی ریاست نے ایران پر حملہ کیا تو تباہ کن حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔