اسلام آباد (ساجد چوہدری) چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ فائر وال کی توسیع کا کام اکتوبر کے آخر تک مکمل ہوجائیگا ، پی ٹی اے کے پاس انٹرنیٹ کو سلو کرنے کی کوئی صلاحیت نہیں ، اکتوبر کے آخر تک سلو انٹرنیٹ کا مسئلہ ختم ہوجائے گا،نیشنل فائبرائزیشن پلان بنایا جارہا ہے، وفاقی حکومت جب کہے گی ایکس کھول دیں گے۔
منگل کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ہماری ایکس سے شکایات کی شرح بہت زیادہ ہے ، ایکس صرف 27 فیصد کمپلائمنس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ایکس کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے ، سندھ ہائیکورٹ میں ایکس کی کمپلائنس نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے ۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہاانٹرنیٹ کی بندش کا دفاع نہیں کرتا لیکن قومی سلامتی ترجیح ہے ،اس مرتبہ دس محرم کو موبائل سروس کم بند ہوئی ، صرف مخصوص وقت میں مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند ہوئی تھی۔