ایران کے بعد یمن کے حوثیوں نے بھی اسرائیل پر حملہ کردیا ہے .جس سے خطہ جنگ کی لپیٹ میں آگیا۔ حوثی ملیشیا کا کہنا ہے کہ ہم نے اسرائیل پر قدس 5راکٹس فائر کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حوثی ملیشیا نے قدس 5 راکٹس کی مدد سے اسرائیل کی اندرونی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ترجمان حوثی ملیشیا یحییٰ ساری کا کہنا ہے کہ اسرائیل کیلئے امریکا اور برطانیہ کی مسلسل حمایت دونوں ممالک کے مفادات کو متاثر کرسکتی ہے۔یمن کے حوثیوں کی جانب سے فلسطینی اور لبنانی عوام کی حمایت میں اسرائیل کے اندر دور تک میزائل فائر کیے گئے۔ ترجمان حوثی فوج یحییٰ ساری نے ایک بیان میں کہا کہ میزائلوں کے اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گئے ہیں۔ منگل کو بھی یحییٰ ساری نے اسرائیل پر میزائل برسانے پر ایران کی تعریف کی تھی۔یحییٰ ساری کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل یا اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف اس وقت تک اپنی کارروائی کو وسعت دیتے رہیں گے جب تک کہ غزہ اور لبنان پر اسرائیل کی جارحیت بند نہ ہوجائے اور غزہ کا محاصرہ ختم نہ کردیا جائے۔ اسرائیلی فوج نے آج صبح شمالی اسرائیل پر راکٹس برسائے جانے کی تصدیق کردی۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کا کہنا ہے کہ آج صبح شمالی اسرائیل پر 100 راکٹس فائر کیے گئے، راکٹس کے باعچ وارننگ کے سائرن پورے شمالی اسرائیل میں بجائے گئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنانی سرحد کے قریب حیفہ اور مغربی گلیلی کی قریبی آبادیوں کو الرٹ جاری کیا گیا تھا۔