ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا باعتماد برادر ملک ہے، پاکستان عالم اسلام کےلیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کی کام کرنے کی لگن پاکستان کے مفاد میں ہے۔
بابائے قوم محمد علی جناح کا ذکر کرتے ہوئے انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ کئی بار محمد علی جناح کے فرمودات کا اپنی تقاریر میں حوالہ دیا۔
دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں جبکہ خصوصی اقتصادی زونز اور سیمی کنڈکٹرز کے شبعے میں پاکستان سے تعاون کےلیے تیار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان چار اضافی پروازوں سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
انہوں نے بتایا کہ آسیان ممالک میں آئی ٹی سیکٹر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ملائیشیا میں ہو رہی ہے۔ وہاں آئی ٹی، ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دے رہے ہیں۔