پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں تاریک گھڑی ہے، یہ دعوت گناہ ہے کہ جاؤ اور لوٹو، آئینی ترمیم آ گئی تو ہر کسی کو اس کا سامنا کرنا پڑے گا، حق مانگنے والے کو بھگتنا پڑے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے یہ بات نے شیخ وقاص اکرم کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
انھوں نے کہا کہ انہیں تو ترمیم کی خاطر ووٹ درکار ہیں، یہ ترمیم ہے کہ پچاس سال کاقانون بدلو۔ آئینی حقوق سپریم ہیں۔ یہ ترمیم کہتی ہے کہ کسی بھی بنیادی حق کو سلب کیا جاسکتا ہے، ملک کی حفاظت کی خاطر فون کو سنا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا اگر آئینی ترمیم آ گئی تو ہر کسی کو اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ترمیم کے بعد جو اپنا حق مانگے گا اسے بھگتنا پڑے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا عدالتیں ہمیں ریلیف اور تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ پولیس کے معاملے میں بھی عدالت کچھ نہیں کرسکے گی۔ اگر ملٹری کورٹ نوٹس یا کوئی کارروائی کرتی ہے تو ہائیکورٹ کچھ نہیں کرسکتی۔ یہ ہے وہ آئینی ترمیم اور پیکج جس کی راہ ہموار ہوئی ہے۔