وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ذہنی مفلوج لوگ کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں ایک اور خواب کی تکمیل مکمل ہوئی. خصوصی افراد کو ہمت کارڈ کے اجرا کا آغاز کردیا، عوام کی خدمت کا ایک اور خواب پورا ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ سے خصوصی افراد کسی پر بوجھ نہیں ہوں گے. 65 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ دیے جائیں گے، ہمت کارڈ میں 3 ماہ کے ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے. مشکلات کے باوجود خصوصی افراد ہمت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے. ہمت کارڈ 15 اکتوبر سے فعال ہوجائے گا، کیا وجہ ہے جب ملک ترقی کرتا ہے تو ن لیگ کا دور ہوتا ہے، کیا وجہ ہے جب سڑکیں بننے لگتی ہیں تو ن لیگ کا دور ہوتا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کیا وجہ ہے مہنگائی نیچے جاتی ہے تو ن لیگ کے دور میں جاتی ہے. کیا وجہ ہے روپیہ مستحکم، کاروبار بڑھتا ہے تو ن لیگ کا دور ہوتا ہے.ذہنی مفلوج لوگ کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کو کسی صوبے پر حملہ کرنے کے لیے استعمال نہ کریں/ پنجاب پر حملہ آور ہونے کے لیے آپ عوام کا پیسہ استعمال کررہے ہیں.دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ، فتنے نے کبھی کسی قوم کو ترقی نہیں دی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیا جلاؤ گھیراؤ، فتنے کی سیاست ترقی، نوکریاں دے سکتی ہے؟ کیا خیبرپختونخوا میں کوئی دیکھنے والا نہیں؟
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کے پی جا کر دیکھیں ایسا لگتا ہے 18ویں صدی کا ملک ہے انفرااسٹرکچر تباہ ہے. یہ ہمارا آخری موقع ہے ملک آگے نہ بڑھا تو ترقی خواب رہ جائے گی. مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ملک اور قوم کی خدمت ہے۔