لبنانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیروت میں اسرائیلی حملے میں شہادت سے قبل حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
ترک خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب کا کہنا تھا کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفیٰ نبیہ بری نے حزب اللہ سے بات چیت کی تھی اور حسن نصر اللہ عارضی جنگ بندی کیلئے راضی ہوگئے تھے۔ لبنانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حسن نصراللہ کی رضامندی کےبعد ہم نے اس اہم پیش رفت سے متعلق امریکا اور فرانس کے نمائندوں کو بھی آگاہ کردیا تھا۔یاد رہے کہ امریکا اور فرانس سمیت 12 ممالک اور تنظیموں کی جانب سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سفارتی حل کیلئے عارضی جنگ بندی سے متعلق ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا۔مشترکہ بیان 24 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا جبکہ بیروت کی ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت 27 ستمبر کو ہوئی تھی۔