فیض آباد میں گزشتہ رات ہنگامہ آرائی کرنے پر پی ٹی آئی کے 17 کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا ہے جس میں 250 نامعلوم کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں کے فیض آباد پر پتھراؤ سے راولپنڈی پولیس کے 4 اہل کار شدید زخمی ہوئے۔
درج مقدمے کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فیض آباد پر پولیس اہلکاروں اور پولیس موبائل وینز پر حملہ کیا۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ڈنڈے اٹھائے ریاست مخالف نعرے لگاتے ہوئے فیض آباد کی طرف جا رہے تھے۔