لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج کیا گیا، پولیس نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک بھچر کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل پر لے جانے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے موٹر سائیکل سے اتار کر احمد بھچر کو فرار کروا دیا، پولیس نے مینار پاکستان کے قریب سے پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کو گرفتار کرلیا۔
ایوان عدل کے باہر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ، کیا گیا، پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی، کچہری روڈ لاہور پر وکلاء نے احتجاج کیا، پتھراؤ سے ایک پولیس اہل کار زخمی ہوگیا۔
لاہور پولیس نے مینار پاکستان کے قریب سے 2 وکیلوں اور ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے، لاہور ہائیکورٹ اور ضلع کچہری کے باہر سے متعدد وکلاء کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے جی پی او چوک پر جمع ہونے والے وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ بھی کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے تھے۔
لاہور کے داخلی راستے اور مینار پاکستان کی طرف جانے والی سڑکیں کنٹینرز کھڑے کرکے بند کر دی گئیں، پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں مطلوب شر پسند عناصر کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دے دی۔