کراچی ( اسٹاف رپورٹر)عوام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم آئینی عدالت کے حامی نہیں ہیں، آئینی ترامیم ن لیگ کے ہی گلے پڑ جائیں گی، پرامن احتجاج پی ٹی آئی کا حق ہے،، اسلام آباد میں جو حالات ہیں،فریقین کو چاہیے ان معاملات میں لچک کا مظاہرہ کریں، ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتیں ایک میز پر آکر بات چیت کریں۔ہ ہفتہ کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس وقت ملک کاحال یہ ہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کراچی آنا چاہتے تھے لیکن حالات کی وجہ سے اسلام آباد ائیر پورٹ نہیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او نہ ہونے کا نقصان ملک کو ہوگا دونوں فریقین اپنی آنا کو چھوڑ کر ایک ایک قدم پیچھے جائیں،آئینی ترمیم کو حکومت موخر کردے، پریڈ گراؤنڈ میں انہیں جلسے کی اجازت دی جائے،ہم جمہوری روایات سے بہت پیچھے چلے گئے، یہ جو کالے قوانین بنا رہے ہیں،ن لیگ کو کیا یہ معلوم نہیں وہ بھی اسکے زیر عتاب آئیگی، نظام عدلیہ کو حکومت تبدیل کررہی ہے، یہ کسی ملک میں نہیں ہے، سپریم کورٹ کے اختیارات کسی اور کو دے رہے ہیں۔