شمالی بنگلا دیش میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتِحال کا سامنا ہے، جس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔
بنگلا دیشی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شیر پور کے علاقے میں دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے سے 200 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے، جبکہ سینکڑوں گھر اور فصلیں سیلاب میں بہہ گئیں۔
سیلاب کے باعث ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے، لوگ امدادی مراکز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور نقل و حرکت مشکل کی وجہ سے دور دراز علاقوں میں امدادی کارروائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع نلتاباری کے علاقے سے اب تک 6 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جبکہ 1 شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔
دریں اثناء سیلاب سے متاثرہ ضلع نوکلا میں مزید 2 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔