لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم وازشریف نے گرلز کالجز کیلئے چیف منسٹر ٹرانسپورٹ پروگرام فار وویمن کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ٹرانسپورٹ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے طالبات کو پاس بلا لیا۔ 19 وویمن کالجز کو بسیں دے دی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے بسوں کی چابیاں خواتین کالجز کے پرنسپلز کے حوالے کیں اور بسوں کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے 76 کالجز کو تین مراحل میں بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ٹرانسپورٹ سے محروم 19 تحصیلوں کو بسیں دی گئی ہیں۔ بھکر، سیالکوٹ، چنیوٹ، کمالیہ، حاصل پور، ملکوال، فیروز والا، شور کوٹ، جتوئی، فتح جنگ، حسن ابدال‘ کوٹ مومن، جلال پور پیر والا، کلر سیداں، پنڈی گھیب، منچن آباد، شرقپور کے گرلز کالجز کو بسیں مل گئیں۔ دوسرے مرحلے میں نوشہرہ ورکاں، دینہ، یزمان، پنڈی بھٹیاں، لالیاں، بھوانہ، کوٹ ادو، ٹیکسلا، سرائے عالمگیر، پپلاں کے گرلز کالجز کو بسیں ملیں گی۔ علامہ اقبال ٹاؤن لاہور، عیسیٰ خیل، رائے ونڈ اور سوہاوہ کے گرلز کالجز کو بھی فروری 2025 تک بسیں مل جائیں گی۔ مارچ اپریل 2025 تک تیسرے مرحلے میں مزید22 بسیں اور 32 کوچز مزید 35 تحصیلوں کو فراہم کردی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے طالبات سے ملاقات کی، طالبات نے گلدستہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پنہیرو ڈا سلوا نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں فارن انویسٹرز کے لئے مراعاتی پیکج ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ اور تجارتی حجم بڑھانے کے لئے دو طرفہ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ مختلف شعبوں میں پرتگال کے تجربات اور مشاہدات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مریم نواز نے باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے پائیدار اور موثر پلان طلب کر لیا۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت اور ٹورزم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نے کہا کہ پرتگال کے ساتھ سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ پرتگال کے انویسٹرز کا پنجاب کی سیاحت میں سرمایہ کاری کے لئے خیر مقدم کریں گے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔ یوم یکجہتی فلسطین پر پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی انسانیت کے لئے ایک المیہ ہے۔ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ فلسطین پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور اپنی زمین کے تحفظ کے لیے لڑ رہے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔ شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے اور اس کے حل کا روڈ میپ جاندار انداز میں پیش کیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کو میانوالی میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والی سی ٹی ڈی ٹیم کو سراہا۔ کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے۔ مریم نواز شریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے، انشاء اللہ جلد اس ناسور کا خاتمہ ہوگا۔ دہشت گرد بزدل کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔
ٹرانسپوڑٹ پر پروگرام فارویمن کا افتتاح : مریم نواز سے پرتگالی سیفر کی ملاقات سرمایہ کاری کیلئے پیکج ری ڈیزائن کرنیکا فیصلہ
Previous Articleفلسطین میں ہونے والے مظالم نے سیاسی قیادت کوایک چھت تلے بٹھا دیا
Next Article پاکستان ایمرجنسی پلان نافذ کرکے تحقیقات کتے : چین