خیبر پختون خوا کے وزیر پختون یار خان کا کہنا ہے کہ جس فسطائیت کا مظاہرہ ہم نے دیکھا اللّٰہ کسی کو نہ دکھائے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پختون یار خان نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ وعدے کے مطابق ڈی چوک پہنچیں اور وعدہ پورا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈی چوک پہنچے اور شکرانے کی نفل بھی ادا کیے، مجھ سمیت پارٹی کا ہر بندہ لیڈر شپ کی ہدایات پر عمل کرتا رہا۔
پختون یار خان کا کہنا ہے کہ ہم پُرامن احتجاج کے لیے نکلے تھے، ہمیں کیا پتہ تھا راستے میں ہم پر ظلم ہو گا، ہماری لیڈر شپ، ایم پی اے اور ایم این ایز اب بھی حراست میں ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پارٹی قیادت جو لائحہ عمل جاری کرے گی، ہم سب اس پر عمل کریں گے، جیسے اب ڈی چوک پر پہنچ کر دم لیا، آگے بھی پلان کے مطابق چلیں گے۔