ادب کا نوبیل انعام پہلی بار جنوبی کوریا کی مصنفہ ہان کانگ نے اپنے نام کرلیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق رواں برس جنوبی کوریا کی مصنفہ ہان کانگ کو نوبیل انعام برائے ادب دیا گیا ہے۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق ہان کانگ کو نثر اور شاعری میں منفرد انداز تحریر پر انعام کیلئے منتخب کیا گیا۔
ہان کانگ کو دسمبر میں نوبیل ایوارڈ اور 12 لاکھ امریکی ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔
دوسری جانب کیمسٹری کے شعبے میں 2024 کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بیکر، جبکہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں Demis Hassabis اور جان ایم جمپر کو یہ اعزاز زندگی کی بنیاد سمجھے جانے والے پروٹینز کے اسٹرکچر پر کیے جانے والے کام پر دیا گیا۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق کیمسٹری کا آدھا نوبیل انعام امریکا کے ڈیوڈ بیکر کو کمپیوٹیشنل پروٹین ڈیزائن جبکہ باقی آدھا انعام گوگل ڈیپ مائنڈ کے ماہرین کو پروٹین اسٹرکچر کی پیشگوئی پر دیا جا رہا ہے۔
ان سائنسدانوں نے پروٹینز کے راز کمپیوٹنگ اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے دریافت کیے۔