اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) مخصوص نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری وضاحت جاری کر دی۔ اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔ اکثریتی ججز کی دوسری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ مختصر حکمنامے کے بعد الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ مختصر حکمنامے میں انتخاب کنندگان کے حق کو سیاسی جماعتوں کے ذریعے نافذ کرنے کے لیے ریلیف دیا، چونکہ کمیشن اور پی ٹی آئی دونوں نے دوسری وضاحت طلب کی ہے، ہم صرف قانون کی اچھی طرح سے طے شدہ تشریح کو دہرانا چاہتے ہیں۔ اکثریتی ججز کا وضاحت میں کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کا ماضی سے اطلاق ہمارے فیصلے کو غیر موثر کرنے کی اجازت نہیں دیتا، رجوع کا حق اس لیے دیا تھا کہ مختصر حکمنامے پر عملدرآمد میں کوئی پریشانی نہ ہو، اب تفصیلی فیصلہ جاری ہو چکا ہے، اس لیے اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی، تفصیلی فیصلے میں تمام تر قانونی و آئینی نکات کا احاطہ کردیا گیا ہے۔ اکثریتی ججز کا کہنا ہے کہ ہم تفصیلی وجوہات جاری کرنے سے پہلے وضاحت جاری کر چکے ہیں، مختصر حکمنامے کے مطابق جاری پہلی وضاحت کو بھی ہماری تفصیلی وجوہات میں شامل کر لیا گیا تھا، مختصر حکمنامے میں وضاحت طلب کرنے کا اختیار عبوری سہولت تھی جب تک تفصیلی وجوہات جاری نہ کی جاتیں، تفصیلی وجوہات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں، فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، تمام جوابات دیئے جا چکے ہیں، مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں۔ عدالت کے فیصلے کا آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت لازم نفاذ ہے اور اسے نافذ کیا جانا چاہئے تھا۔