صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کے بعد اسلام آباد میں کالج کے خلاف احتجاج کرنے والے ڈیڑھ سو طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ کوہسار میں نجی کالج کے پرنسپل کی مدعیت میں درج کیا گیاجس میں گرفتار 17 طلباءکو بھی نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے میں توڑ پھوڑ ، پولیس اہلکار کی وردی پھاڑنے ، تشدد سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
2 روز قبل طلباءنے کالج کے بلیو ایریا کیمپس کے باہر احتجاج کیا تھا۔پولیس نے احتجاج کرنے والے طلباءکو گرفتار کیا تھا جس کے بعد آج طلباءکیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی دارالحکوت اسلام آباد میں طلبہ کی بڑی تعداد نجی کالج بلیو ایریا کیمپس کے باہر پہنچ گئی تھی۔طلبہ نے نجی کالج کی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیاتھا اور شدید نعرے بازی کی تھی۔کالج کے مختلف کیمپسز کے طلبہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے مشتعل افراد نے مختلف مقامات پر واقع کیمپس کی عمارتوں کے شیشے توڑ دیئے تھے جبکہ کالج فرنیچر اور دیگر سامان کو آگ لگا دی گئی تھی۔مشتعل مظاہرین نے کھنہ پل کے قریب واقع نجی کالج کےکیمپس پر طلبہ نے پتھراﺅ کیاتھا جس سے کالج کی عمارت کو نقصان پہنچا اورقریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ مظاہرین نےا یکسپریس ہائی وے کی سروس روڈ پر کالج کے سامان کو بھی آگ لگادی تھی۔قبل ازیں26نمبر چونگی پر نجی کالج کے شیشے توڑ دئیے گولڑہ موڑ روڈ ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا ، تھانہ کھنہ سروس روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی گئی تھی۔راولپنڈی میں بھی طلباءکی جانب سے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی گئی تھی۔سسکتھ روڈ ،جہلم روڈ ،مورگاہ ،پشاورروڈ،ڈھوک گنگال،کھنہ پل کے قریب اور دیگر علاقوں میں طلباءاور پولیس میں آنکھ مچولی جاری رہی تھی۔ احتجاجی طلباءاور دیگر افراد نے توڑ پھوڑ کی اور پتھراﺅ بھی کیا تھالیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کااستعمال کیاتھا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراﺅ، شیلنگ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ دن بھرجاری رہاتھا۔پولیس نے مظاہرے کرنے والے کئی طلباءکو حراست میں لے لیاتھا۔سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایاتھاکہ توڑ پھوڑ اورجلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث 350 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔