خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس ترمیمی بل 2024 واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور پولیس ترمیمی بل واپس لینے کیلئے تحریک پیش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں آئینی ترمیمی بل اور دیگر امور پر غور کیا گیا، ترمیمی بل کی واپسی سے متعلق تحریک کے پی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے جلاس میں سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پارٹی بیانیہ ہر فورم پر اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے اراکین کو اسمبلی کے اندر حاضری یقینی بنانے اور حکومتی ایجنڈے کو بروقت نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رات کی تاریکی میں جو کام ہوتے ہیں اس کو ہم ڈاکا کہتے ہیں، ہم عدلیہ کی آزادی کیلئے جنگ لڑیں گے اور جنگ جیتیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کبھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بلاتے ہیں، آج اسمبلی میں بلایا تھا، آج ایوان میں ایجنڈے کے ساتھ ساتھ غیر آئینی ترامیم پر بات ہوئی۔