پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی منظوری دی گئی۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے اور تادیبی کارروائی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اراکینِ پارلیمان سے حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان اراکین کے جوابات کی روشنی میں ان کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔