وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کی منظوری میں صدر زرداری، بلاول بھٹو اور نواز شریف کا بھرپور تعاون رہا۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے مؤثر ثابت ہوگی، آئینی ترمیم پر حکومت میں شامل جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ طویل مشاورت ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی، 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مؤثر ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا، آئینی ترمیم 2006ء میں ہوئے میثاق جمہوریت کے ایک اور ویژن کی تکمیل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئینی ترمیم میں مدد پر صدر زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ، آئینی ترمیم سے متعلق عمل میں نواز شریف کی رہنمائی حاصل رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ 11 سال بعد چینی وزیراعظم پاکستان آئے، چینی وزیراعظم کا بڑا کامیاب دورہ ہوا، ایس سی او کانفرنس پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی، روسی وزیراعظم اور دیگر نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی، پاکستان کی معاشی بہتری میں آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آچکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایس سی او کانفرنس میں ایک بڑا چیلنج سیکیورٹی کا تھا، ایس سی او کانفرنس میں وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و دیگر وزارتوں کا کردار مثالی رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اور دیگر اداروں نے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے، ایس سی او ممالک کے سربراہان نے اجلاس کے اختتام پر بھرپور اعلامیہ جاری کیا، ایس سی او کانفرنس میں شریک سربراہان نے اسلام آباد میں تیاریوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے سربراہان اور مندوبین نے اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر قرار دیا، چین کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں ظلم و ستم جاری ہے، بے گناہ خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، غزہ اور لبنان میں ظلم میں کمی نہیں آرہی، عالمی عدالت کے فیصلوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔