موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں برس اسموگ میں واضح اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے اسموگ ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق فیکٹریوں کی آلودگی اور گاڑیوں کا دھواں اسموگ بڑھنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عمومی طور پر اسموگ نومبر سے دسمبر کے دوران جاری رہتی ہے، رواں برس پاکستان کے چند بڑے شہروں میں اسموگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ان شہروں میں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور اور فیصل آباد شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسموگ میں اضافہ شہریوں کی صحت اور ماحول کو بھی آلودہ کر سکتا ہے، دوران اسموگ متاثرہ شہروں میں دمہ کا مرض بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بچے، بزرگ اور قوت مدافعت کی کمی کا شکار افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں، اسموگ کے دوران حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی زیادہ ہے۔