اتوار اور پیر کی درمیانی شب بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں اسرائیل کے 13 سے زیادہ فضائی حملے دیکھے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں علاقے کے کئی محلے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔
لبنانی شہریوں نے علاقے سے اٹھتے آگ کے شعلوں کو براہ راست اپنی اسکرینوں پر دیکھا۔اس حوالے سے کئی لوگوں نے ان خوف ناک مناظر پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے لبنان کی قومی فضائی کمپنی “مڈل ایسٹ ایئرلائنز” کے ایک طیارے کی تصویر بھی سامنے آئی۔ تصویر میں طیارے کو دار الحکومت کی فضاؤں میں پرواز کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اسرائیلی میزائلوں سے بھڑکی آگ ہوائی اڈے کے قریب ایک علاقے میں جلتی نظر آ رہی ہے۔بہت سے لبنانیوں اور دیگر افراد نے “ایکس” پلیٹ فارم پر اس تصویر کو پوسٹ کیا جن میں لبنانی گلوکارہ الیسا اور میڈیا پرسن عمر ادیب شامل ہیں۔الیسا نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے “شان دار” لکھا جب کہ ادیب نے لبنانی گلوکارہ کی پوسٹ کو دوبارہ ٹویٹ کرتے ہوئے ساتھ یہ لکھا کہ “الیسا یہ ہے وہ لبنان جس کو میں جانتا ہوں، دنیا جل رہی ہے اور لبنانی طیارہ بحفاظت اتر رہا ہے”۔
مصنوعی ذہانت کی مدد سے تبدیل تصویر
تاہم گردش میں آنے والی یہ تصویر اصلی نہیں ہے۔ اگرچہ مڈل ایسٹ ایئرلائنز کے طیاروں نے گذشتہ روز حملوں کے بیچ بھی اپنی پروازیں جاری رکھیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اس تصویر کو عالمی ایجنسیوں کے پاس تلاش کیا مگر یہ نہیں مل سکی۔اس حوالے سے مصنوعی ذہانت سے ترمیم شہد تصاویر کی شناخت کرنے والی ایک خصوصی ویب سائٹ کے ذریعے مذکورہ تصویر کی تحقیق کی گئی۔ اس پر یہ بات سامنے آئی کہ تصویر واقعی ترمیم شدہ ہے