ایران نے اسرائیلی میزائل حملے ناکام بنانے کی ویڈیو جاری کردی۔
ایرانی ایئر ڈیفنس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے آج صبح تہران، خوزستان اور ایلام کے فوجی مراکز پر حملہ کیا۔ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے اسرائیل کے حملے کامیابی سے ناکام بنائے گئے۔
ایرانی حکام نے اسرائیلی حملے میں دو فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کردی۔
اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کیے اور ایران میں 20 مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جوابی کارروائی پر جواب دینے کی دھمکی بھی دی۔
اسرائیلی وزیراعظم، وزراء اور اعلیٰ فوجی حکام کے ہمراہ ایران پر حملے کی براہ راست معلومات لیتے رہے۔
ایران نے اسرائیلی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ‘جارحیت’ کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھنےکا بھی اعادہ کیا۔
ایرانی میڈیا نے اسرائیل کا 20 مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے اہداف کی تعداد 20 سے بہت کم ہے، حملوں میں پاسداران انقلاب کا کوئی دفتر نشانہ نہیں بنا۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران پر حملے میں 100 اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حصہ لینے کی امریکی اخبار کی رپورٹ غلط اور اسرائیل کے کمزور حملے کو بڑا دکھانے کی کوشش ہے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایران میں منسوخ کی گئیں تمام پروازیں بحال کردی گئی ہیں، اسرائیل نے شام میں بھی متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، عراق کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سُنے گئے۔