ممبئی پولیس نے بدھ کے روز ایک 56 سالہ شخص کو گرفتار کیا جس نے مبینہ طور پر سلمان خان اور این سی پی لیڈر ذیشان صدیق کو 2 کروڑ روپے نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اعظم نامی شخص نے منگل کو یہ دھمکی ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر بھیجی جس میں کہا گیا کہ ان لوگوں کا انجام بھی بابا صدیق کی طرح ہوگا۔
پولیس نے کال ڈیٹیل ریکارڈ کی مدد سے ملزم کا پتہ لگا کر اسے گرفتار کیا۔ اس کے فون اور سم کارڈ بھی برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کا کہنا تھا کہ "یہ مذاق نہیں ہے، سلمان خان اور ذیشان صدیق کو 2 کروڑ روپے دینے کو کہو ورنہ 31 اکتوبر تک ان کا انجام معلوم ہوجائے گا۔”
واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے باندرا میں بابا صدیق کو ان کے بیٹے ذیشان صدیق کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ واقعے کی ذمہ داری بشنوئی گروپ نے قبول کرلی تھی اور کہا تھا کہ جو شخص سلمان خان کا ساتھ دے گا اس کا یہی انجام ہوگا۔
علاوہ ازیں دوران تفتیش ملزمان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ذیشان صدیق بھی انکے نشانے پر ہیں۔