صدر پاکستان ٹیکس بار انور کاشف ممتاز نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر نل فائلرز کا ڈیسک آڈٹ کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے، ملک سے 99 فیصد گوشوارے جمع ہو چکے ہیں۔
انور کاشف نے کہا ہے کہ تشویش کی بات ہے کہ رواں سال آدھے گوشوارے نل فائل ہوئے۔
ان کا کہنا ہے کہ نل گوشوارے سسٹم کو دھوکا دینے، ایکٹیو فائلر رہنے اور اثاثے چھپانے کے لیے جمع کرائے جاتے ہیں۔
صدر پاکستان ٹیکس بار انور کاشف ممتاز نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی ذمے داری ہے کہ ان گوشواروں کا ڈیسک آڈٹ کرے۔
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کو 30 اکتوبر 2024ء تک کے انکم ٹیکس گوشواروں کا ڈیٹا پیش کر دیا گیا ہے۔
اس ڈیٹا کے مطابق 2024ء میں پاکستان بھر میں 49 لاکھ 93 ہزار 970 ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے ہیں۔
30 اکتوبر 2024ء تک جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں کے ساتھ 126 ارب 52 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ٹیکس جمع کر لیا گیا ہے۔