کراچی (نیوز ڈیسک) بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل سمیت 3جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 خوارج جہنم واصل، 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید جوانوں میں نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے سدھنوتی سے تھا، شہید نائیک آزاد اللہ کرک اور لانس نائیک غضنفر عباس شہید لیہ کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔