سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نیازی کی پاکستان تحریک انصاف نہیں اسرائیلی تحریک انصاف ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہونی چاہیے، پاکستان جیسے قانونی نظام والے معاشروں میں حکومتیں ہی سلیکشن یا پھر مشاورت سے ججز کی تقرریاں کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں حکومت نے صرف ججز کی تقرریوں میں اپنا حصہ ڈالنے والا اپنا اختیار واپس لیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، بھارت، امریکا اور جنوبی افریقا میں ججز کی تقرریاں مشورے سے کی جاتی ہیں، 18ویں ترمیم نے پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے پارلیمنٹ کی تقرری کا اختیار بحال کرنے کی کوشش کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ لیکن افتخار چوہدری نے پارلیمنٹ کو 19ویں ترمیم لانے پر مجبور کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کبھی بھی صوبوں کی مساوی نمائندگی کو برقرار نہیں رکھا، صوبوں کو شکایت تھی ان کو مساوی نمائندگی نہیں مل رہی۔