پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عرب ممالک سے سرمایہ کاری سے متعلق عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے امداد کے بجائے سرمایہ کاری کا راستہ اپنایا ہے، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے خوبصورت اضافہ ہے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ چین، سعودی عرب، قطر، امارات، کویت اور دیگر اسلامی ممالک سے سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور سعودی عرب کی طرف سے مزید سرمایہ کاری کے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیرِ اعظم کا قطر اور سعودی عرب کا حالیہ دورہ تعلقات کی مضبوطی اور استحکام کی دلیل ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت بہتری کی طرف جا رہی ہے، فلسطین کے معاملے پر وزیرِ اعظم کا مؤقف جرأت مندانہ اور قومی امنگوں کے مطابق ہے۔