توشہ خانہ ٹو کیس میں آج بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔
آج بانیٔ پی ٹی آئی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر اور عثمان گِل کے وکالت نامے جمع کروائے گئے۔
وکلاء نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں دائر کیں جبکہ ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم نے دونوں بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی۔
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ جان بوجھ کر فردِ جرم عائد نہیں ہونے دی جا رہی، بریت کی درخواست فائل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس پر سماعت نہ ہو سکے۔
بعد ازاں عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔
5 نومبر کو عدالت بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کرے گی۔