سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ امریکا حسبِ روایت پاکستان سے زیادہ اپنے مفادات کا خیال رکھے گا۔
امریکی انتخابات سے متعلق ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ امریکی انتخابات دنیا کے لیے اہم ہوتے ہیں، امریکی ووٹرز اور حکومت اپنے مفادات کے تحت فیصلے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سپر پاور ہے اور کئی ممالک اس کو دیکھ کر خارجہ پالیسی بناتے ہیں، امریکا کی پہلی ترجیح اپنا ملک ہوتا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا ہے کہ امریکی پہلے کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کو کیسے طاقت ور اور بہتر بنائیں، بد قسمتی سے پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا اور ہم سیاسی طور پر کمزور ہو گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے ایسی پالیسی بھی نہیں بنا سکتے کہ بتا سکیں کہ ہم آزاد و خودمختار قوم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مفادات کا خیال ہمیں خود رکھنا ہو گا، پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ خود کو مستحکم کرتے ہوئے واضح پالیسی بنائے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان ایسی پالیسی بنائے جس سے ملک کو فائدہ ہو، ایسا نہ ہو کہ ہم کسی اور کے مفاد کو دیکھتے رہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بد قسمتی سے ہماری کمزور حالت ہے، دو طرفہ تعلقات کے طریقہ کار پر کام کرنا ہو گا۔