یورپی قیادت نے امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں فریق اپنے عوام کی ترقی کیلئے مل کر زیادہ بہتر کام کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپی پارلیمنٹ کی صدر رابرٹا میٹسولا نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات جاری کیے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے پیغام میں یورپی کونسل کے صدر چارلس مشل نے کہا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان ایک پائیدار اتحاد اور ایک تاریخی رشتہ ہے۔ اتحادیوں اور دوستوں کے طور پر یورپی یونین ہمارے باہمی تعمیری تعاون کو جاری رکھنے کا منتظر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اصولوں پر مبنی کثیرالجہتی نظام کا دفاع کرتے ہوئے ایک مضبوط، متحد، مسابقتی اور خود مختار پارٹنر کے طور پر اسٹریٹجک ایجنڈے کے مطابق اپنے راستے پر گامزن رہے گی، میں ڈونلڈ جے ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس حوالے سے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے کہا کہ یورپی یونین اور امریکا صرف اتحادیوں سے زیادہ ہیں۔ ہم 800 ملین شہریوں کو متحد کرتے ہوئے اپنے عوام کے درمیان ایک حقیقی شراکت کے پابند ہیں۔
انھوں نے کہا آئیے ایک مضبوط ٹرانس اٹلانٹک ایجنڈے پر مل کر کام کریں جو ان کے لیے موقع فراہم کرتا رہتا ہے۔
اسی حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کی صدر رابرٹا میٹسولا نے تحریر کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاستہائے متحدہ امریکا میں ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے نئے امریکی صدر کو باور کرایا کہ ‘یورپ بے مثال جغرافیائی سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے تعاون کرنے، ٹرانس اٹلانٹک بانڈ کو مضبوط رکھنے کے لیے آزادی، انسانی حقوق، جمہوریت اور کھلی منڈیوں کی ہماری مشترکہ اقدار میں جڑیں برقرار رکھنے کیلئے تیار ہے۔