وزیرِ تعلیم خیبر پختون خوا فیصل خان ترکئی کا کہنا ہے کہ اساتذہ سے مذاکرات کے لیے حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
فیصل خان ترکئی نے ’ سب تک نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کوئی بیان نہیں دیا گیا کہ اساتذہ کے ساتھ بات چیت یا مذاکرات نہیں کریں گے بلکہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے مطالبات ماضی میں بھی تسلیم کرتے رہے ہیں، تعلیم تو ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ تعلیم خیبر پختون خوا نے کہا کہ اساتذہ اپنا احتجاج ختم کریں، احتجاج کے باعث تعلیمی عمل متاثر ہو رہا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بچوں کو اسکول سے نکال کر تالا لگایا جا رہا ہے اور پھر ویڈیوز بنا کر انٹرنیٹ پر ڈالی جا رہی ہیں۔