سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا ہے کہ اسلامی مالیاتی نظام پر منتقلی مشکل کام ہے، حکومت اور اسٹیٹ بینک اس پر کام کر رہے ہیں۔
کراچی میں اسلامی بینکنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عشرت حسین نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کے لیے یہ کہہ دینا بہت آسان تھا کہ نظام اسلامی ہو۔
انہوں نے کہا کہ دیگر وزارتیں اور صوبائی حکومتیں اسلامی مالیاتی نظام پر کام نہیں کر رہی ہیں، موجودہ ٹیکس نظام اسلامی اقدار کا نظام نہیں ہے۔
عشرت حسین کا کہنا ہے کہ اسلامی بینک کیا حکومتی خسارے کی فنانسنگ کریں گے؟ کانفرنس میں ان سوالوں کے جواب تلاش کریں، کیونکہ جنوری 2028ء دور نہیں ہے۔
اسلامی مالیاتی نظام پر منتقلی بڑا کام ہے: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک
کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللّٰہ نے کہا ہے کہ اسلامی مالیاتی نظام پر منتقلی بڑا کام ہے جو کرنا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس منتقلی پر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ منتقلی سے حقیقی اسلامی مالیاتی نظام کا حصول ہو گا، اسلامی بینکاری اسلامی مالیاتی نظام کا محض ایک حصہ ہے، ترقی یافتہ ملکوں نے اپنی صنعتی ترقی کے لیے پورے مالی نظام کو خراب کیا ہے۔
سلیم اللّٰہ کا کہنا ہے کہ آج سب جانتے ہیں کہ یہ بقاء کا مسئلہ ہے، کیا ہم دنیا کو اسلامی مالیاتی نظام دے سکتے ہیں؟ اُمید کرتا ہوں کہ ان سوالات کے جواب کانفرنس میں تلاش کریں گے۔