سیالکوٹ میں علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال میں گٹر سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 53 سالہ فرحت بی بی کے نام سے ہوئی، وہ 3 نومبر کو لاپتہ ہوئی تھی۔ خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، اسے مرگی کے دورے پڑتے تھے۔
پولیس کے مطابق خاتون کو زخمی حالت میں 5 نومبر کو اسپتال لایا گیا تھا، سی سی ٹی وی ویڈیو میں ایک شخص کو اسٹریچر پر خاتون کو ٹراما سینٹر لاتے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹراما سینٹر کے سی ٹی اسکین روم کی پانچ نومبر کی سی سی ٹی وی ویڈیو ڈیلیٹ ہے۔ ڈی وی آر قبضے میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق شناخت خاتون کی بیٹی نے کی، خاتون کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف 8 نومبر کو شوہر کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔