سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ یہ ساری ڈرامے بازی بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہو رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ ہر ماہ کال تبدیل ہوتی رہتی ہے، احتجاج کرنا ہے تو آپ اپنے بچوں کو بھی لے آئیں، اگر 6 سے 8 ہزار لوگ آئے بھی تو ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بانیٔ پی ٹی آئی کی آخری کال ہے، 24 نومبر کو احتجاج کی کال کیوں دی گئی ہے؟ 25 نومبر کو بانیٔ پی ٹی آئی پر فردِ جرم عائد ہونی ہے اس لیے 24 کے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ میں کسی کا ترجمان نہیں ہوں، فیض حمید کی چیزیں بھی تیز چل رہی ہیں، مچھ جیل کو نا بھولیں، ہاؤس اریسٹ کو نا بھولیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کو آگے بڑھ کر ان مداخلتوں کو روکنا پڑے گا، انڈر گراؤنڈ تو بات ہو رہی ہے، پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی نیچے گر چکی، یہ بانیٔ پی ٹی آئی کی تکلیفیں بڑھا رہے ہیں۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ گنڈاپور کس کا پیغام لے کر گئے، یہ سب پیروں میں پڑے ہیں، ابھی بھی ڈائیلاگ بازی ہو رہی ہے اور کم عقل حکومت کنٹینر لگا کر انہیں کامیاب کر رہی ہے۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پرانا ورکر رہ چکا ہوں، خواہش ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے جیل میں رہتے ہوئے ان کی پارٹی فائدہ نہ اٹھائے اور نہ پیسے بنائے، بانیٔ پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے اب ان کے پاس کوئی نہیں بچا، غریبوں کو مروانے کے لیے یہ مل کر ڈراما کر رہے ہیں۔
’بانیٔ پی ٹی آئی کی بات ضرور مانوں گا کہ رجیم چینج کیلئے مداخلت تھی‘
انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی تو فلسطین میں ہو رہی ہے، فلسطین میں ان کو ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی نظر نہیں آرہی؟ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ان کو نظر نہیں آرہی۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ اب میں بانیٔ پی ٹی آئی کی بات ضرور مانوں گا کہ رجیم چینج کے لیے مداخلت تھی، کسی کو اجازت نہیں دی جائے کہ ہمارے اندرونی معاملات پر مداخلت کرے، یہ ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان آج یہاں کھڑا ہے۔
’غلامی اور مداخلت ہمارے ملک میں نہیں ہو سکتی‘
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا میں حملہ ہوا وہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی، میں اس میں آپ پر الزام لگا دیتا ہوں، میں بھی یو ان کو خط لکھ دیتا ہوں لیکن غلامی اور مداخلت ہمارے ملک میں نہیں ہو سکتی۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ ہم امریکی کانگریس کا خط بھی دیکھ رہے ہیں، میں حکومت کی طرف سے بات نہیں کر رہا، عافیہ صدیقی اور شام پر کوئی خط نہیں آتا، افغانستان میں تباہی برپا کی اور اپنا سامان چھوڑ کر نکل گئے، اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ ہمارے ملک نے دہشتگردی میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں، ہم آپ کے ملک میں مداخلت نہیں کرتے لیکن آپ یہاں کیوں مداخلت کر رہے ہیں، آپ تجاویز دیں، مداخلت والی چیز قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم ٹھوک بجا کر ہوئی، ضرورت ہوئی تو مزید بھی ہو جائے گی، معیشت کی بہتری کا کریڈٹ حکومت کو نہیں ایس آئی ایف سی کو دیتا ہوں۔
’24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہو رہی‘
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر والا معاملہ پانی کا بلبلہ بننے جارہا ہے، 24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہو رہی، ایم این اے ایم پی اے پچاس لوگ بھی نہیں لاسکیں گے۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ بی بی شہید ہو گئیں، نواز شریف کو ہٹا دیا گیا، اس وقت ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عموماً ایسا ہی ہوتا ہے لیڈر کے جیل میں ہونے سے لوگ سیاست کرتے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے کوئی مخلص لوگ نہیں، سب کمپرومائز لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔