اپنے منفرد انداز، بہترین اداکاری اور کرداروں میں گہرائی کی وجہ سے شہرت رکھنے والے پاکستانی اداکار عدیل حسین نے اپنی ممکنہ جیون ساتھی کی خوبیوں کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں عدیل حسین نے ساتھی اداکارہ اشنا شاہ کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو اشنا شاہ نے اداکار سے ان کی آئرش گرل فرینڈ کے حوالے سے سوال کیا۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنی آئرش گرل فرینڈ کے حوالے سے کہا کہ میں آئر لینڈ میں رہائش پزیر رہا ہوں اور کسی بھی عام انسان کی طرح میرا بھی وہاں ایک حلقۂ احباب تھا، جس پر مجھے کبھی شرمندگی نہیں ہوئی اور مجھے چھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کئی لوگوں نے کہا کہ میں کس طرح کی لڑکیوں کے ساتھ تصاویر شیئر کر رہا ہوں لیکن میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سب کچھ واضح ہے، مجھے کچھ بھی چھپانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
میزبان نے ایک اور سوال کیا کہ کیا آپ شادی کرنا چاہتے ہیں اور اگر چاہتے ہیں تو جیون ساتھی میں کس طرح کی خوبیاں دیکھنا چاہتے ہیں؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاں شادی کرنا چاہتا تو ہوں لیکن میری کچھ توقعات ہیں، میں چاہتا ہوں کہ جس سے میری شادی ہو اس کے ساتھ زندگی پُرلطف انداز میں گزار سکوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے ارد گرد کے لوگ مجھے شادی سے متعلق کچھ نہ کچھ کہتے رہتے ہیں لیکن پُرسکون زندگی گزارنے کے لیے آپ کو ڈھیٹ بننا پڑتا ہے، آپ کو فرق نہیں پڑنا چاہیے کہ لوگ کیا کہہ رہے ہیں، اس لیے مجھے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ مجھے شادی سے متعلق کیا کہتے ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ میری زندگی میں جو آئے اسے بھی لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہ ہو۔