کراچی میں 4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا آغاز ہوگیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر تجارت جام کمال نے دفاعی نمائش کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں سفارتکار، بین الاقوامی وفود، دفاعی ماہرین، صنعتکار، سینئر سول و فوجی افسران اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران بینڈ ڈسپلے اور پریڈ پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر سے آئے مندوبین اس نمائش سے فائدہ اٹھائیں گے، پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وفاقی وزراء نے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش کے مختلف پویلینز کا دورہ بھی کیا۔
عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 ایکسپو سینٹر کراچی میں 19 تا 22 نومبرتک جاری رہے گی۔ نمائش میں دنیا کے 55 ممالک کے 330 غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہیں۔
آئیڈیاز 2024 میں 33 غیرملکی وفود بھی شرکت کر رہے ہیں۔ دفاعی نمائش میں چین اور ترکیہ کی کمپنیز کیلئے تین پویلینز بنائے گئے ہیں۔
عالمی دفاعی نمائش میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس دفاعی ساز و سامان بھی پیش کیا جائے گا۔ ایران، اٹلی اور یوکرین پہلی بار نمائش میں شریک ہو رہے ہیں۔