وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم اجناس کی پیداوار تک محدود رہتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مشن وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے مختلف نیٹ ورکس میں تکنیکی انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی حکام نے اس دوران جنوبی ایشیائی خطے میں بینک کے پورٹ فولیو پر بریفنگ دی۔
اے ڈی بی حکام نے پبلک سیکٹر مینجمنٹ، گورننس اور میکرومالیاتی پالیسی میں بینک کے کام پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے پاکستان میں پانچ فعال پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی مشن سے گفتگو میں احسن اقبال نے اے ڈی بی کو پاکستان کی 2500 عدالتوں کےلیے جوڈیشل انفارمیشن سسٹم تیار کرنے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے مشن کو بتایا کہ ملک کے تمام تھانوں کو مربوط کرنے کےلیے جامع پولیس انفارمیشن سسٹم کے قیام کی ضرورت ہے۔ اس سسٹم میں ہر پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے دوران گفتگو انتظامی اور خدمات فراہمی کے نظام میں ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی فنانسنگ کو باقاعدہ فنانسنگ سے الگ کرنے کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے کمزور ممالک کی مؤثر طریقے سے مدد کی جاسکے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی، بدقسمتی سے ہم اجناس کی پیداوار تک محدود رہتے ہیں۔