سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت معاملات سلجھائے ورنہ جمہوریت مہمان لگتی ہے۔
پشاور میں سب تک نیوز سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی قوتیں ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کریں، ملک میں اس وقت سب سے سنگین مسئلہ امن و امان کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں، بہت سے لوگوں نے ان کے درمیان پیغام رسائی کا کام کیا لیکن نتیجہ نہیں نکلا۔
سابق امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی لڑائی میں ایک کی چونچ اور دوسرے کی دم گم ہوگئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پہل کرے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر لائے، حکومت معاملات سلجھائے ورنہ رہی سہی جمہوریت مہمان لگتی ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ سیاست دلیل اور برداشت کا نام ہے، جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو برداشت کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو برداشت نہیں کیا گیا تو حکومت چلے گی اور نہ ہی جمہوریت۔
سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لگی آگ پھیل رہی ہے۔