مشہور موسیقار اے آر رحمان کی سوشل میڈیا پر سائرہ بانو سے متعلق ایک گفتگو وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ کے بارے میں ایسا تبصرہ کیا جو پہلے یا بعد میں بہت کم ہی کیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ تبصرہ اس وقت میں دوبارہ وائرل ہو رہا ہے جب ان کی اہلیہ نے تقریباً 29 سال کی ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا۔
اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ پہلی بار سائرہ کو 6 جنوری 1995 کو اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک صوفی مزار پر دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا، "وہ بہت خوبصورت اور نرم مزاج تھیں۔”
دونوں کی شادی 12 مارچ 1995 کو ریاست تامل ناڈو کے صدر مقام مدراس (موجودہ چنئی) میں ہوئی تھی۔
اے آر رحمان نے اپنی شادی کے دن کو یاد کرتے ہوئے اس انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ "میں نے تقریب کے دوران مسلسل مسکراہٹ برقرار رکھی اور تین گھنٹوں کے بعد میرے چہرے کے تمام عضلات میں کھنچاؤ پیدا ہوگیا تھا۔”
یہ بات چیت اصل میں کتاب "اے آر رحمان: دی اسپرٹ آف میوزک” میں شائع ہوئی تھی، جس میں انہوں نے سائرہ کے ساتھ اپنی ابتدائی ملاقاتوں اور شادی کی یادوں کو شیئر کیا۔