زیتون مکمل غذا بھی ہے اور دوا بھی، نت نئی ہونے والی تحقیقات سے بھی یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔
زیتون کا صرف پھل ہی نہیں بلکہ فوائد کے اعتبار سے اس کے پتے اور تیل بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔
زیتون کا پھل، پتے اور تیل کا مختلف طریقوں سے استعمال دل کے افعال کو درست کرتا ہے، جسم کو درکار غذائی ضرورت کو پورا کرتا ہے، بالوں کو صحت مند بناتا ہے، جلد کو چمک دار بناتا ہے۔
درج ذیل میں زیتون کے تیل اور پتوں کی چند اہم افادیت بتائی جا رہی ہیں۔
فضائی آلودگی کے مضر اثرات
زیتون کے پتوں پر کی جانے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آلودہ فضاء میں رہنے والے افراد جو سائینس کے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں، ان کے لیے زیتون کے پتوں کی بھاپ مفید ہے۔
آلودہ فضاء میں سانس لینے والے افراد زیتون کے پتوں کی بھاپ لینے سے فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
اس کے پتوں کی بھاپ دمے کے مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، اس کی بھاپ سے بند ناک کھل جاتی ہے، یہ بھاپ سانس لینے میں دشواری کو دور کرتی ہے۔
جلد کا کینسر
محققین کا کہنا ہے کہ زیتون کے تیل کا استعمال جلد کے کینسر کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے۔
ذیابیطس کا علاج
زیتون کے پتوں میں شوگر کا علاج بھی موجود ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق فلسطین کی دوا ساز کمپنی نے اس کے پتوں سے تیار کی گئی گولیاں(ٹیبلٹ) بھی متعارف کرائی ہیں۔
شوگر کے مرض کی دوا کی تیاری مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی پہلی کوشش بھی ہے جس نے اپنی اہمیت تسلیم کرائی ہے۔
فلسطینی دوا ساز کمپنی کا دعویٰ ہے کہ زیتون کے پتوں سے تیار کردہ دوا بیماری پر فوری اثر کرنے میں 20 فیصد تک فعال ہے جبکہ دیگر دستیاب ادویہ 6 فیصد تک فعال ہوتی ہیں۔
قوتِ مدافعت بڑھانے میں معاون
زیتون کے پتوں کے جوشاندے کا استعمال جسم میں قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے، شوگر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے اور خون میں کولیسٹرول کی سطح میں غیر ضروری مقدار کو بڑھنے سے روکتا ہے۔
یہ جوشاندہ دل کی شریانوں کو قوت بخشتا ہے اور اس میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرتا ہے۔
زیتون کے پتے antioxidant ہیں، عملِ تکسید کو روکتے ہیں اور جسم میں پیدا ہونے والے فاضل اور زہریلے مادے کو ختم کرتے ہیں۔
زیتون کا استعمال کس موسم میں کیا جائے؟
زیتون کا استعمال ہر موسم میں مؤثر ہے، اس کا استعمال موسمی بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔