وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا منصوبہ اسلام آباد میں بندے مروانا ہے۔
سیالکوٹ میں سب تک نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پی ٹی آئی سے یہی ہدایات لائے ہیں، اگر کوئی لشکر کشی کرے گا تو اس سے اسی طرح ہی نمٹا جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 24 نومبر کے حوالے سے حکومت نے اپنا لائحہ عمل طے کر لیا ہے، اگر یہ لوگ مسلح جتھے اور لشکر لے آرہے ہیں تو حکومت بھی اس طرح ان کا مقابلہ کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ لوگ لاشوں کی سیاست کرنا چاہ رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ لاشیں لے کرخیبرپختون خوا جائیں اور اس کو ایشو بنائیں اس سے حکومت بچنا چاہتی ہے، اس چیز کو حکومت کی کمزوری نہیں سمجھا جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان سے خارجہ پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑا، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو جو گھڑیاں اور تحائف ملے ان کو بیچا گیا، سعودی حکومت کو معلوم ہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے مل کر فراڈ کیا تھا، بد قسمتی سے اس طرح کے لوگ ہمارے حکمران بن جاتے ہیں، میرا خیال ہے کہ سعودی حکومت اس کو ہماری کمزوری سمجھ کر درگزر کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے پرانے تعلقات ہیں جس کی قدر بانی پی ٹی آئی نے نہیں کی، بشریٰ بی بی اپنی بیٹی کی شادی کیلئے پیسے بٹورنے سعودی عرب گئیں، ان کا خیال تھا کہ سعودی عرب میں شادی میں تحفے ملیں گے اور پھر بیچیں گے، ان کا ماضی دیکھیں ان کا سی وی چیک کریں اور یہ خود کو شریعت کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی اکثریت چاہتی ہے کہ دھرنا منسوخ ہو میں ان کے نام بھی بتا سکتا ہوں، خصوصاً جو خیبر پختونخوا کےحالات ہیں، اس وقت وفاق اور پنجاب پر حملہ آور ہونا حب الوطنی نہیں، اس وقت تمام سیاسی قوتوں کو مل کراپنی فوج کا ساتھ دینا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق خط لکھے جا رہے ہیں کبھی امریکا سے اور کبھی برطانیہ سے۔