فیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد میں بانئ پی ٹی آئی سمیت 45 افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 سمیت 13 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر حملے سمیت دیگر الزامات میں 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مظاہرین نے بانئ پی ٹی آئی کے اکسانے پر امن و امان پامال کیا اور دہشت گردی کی۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے تتلے عالی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں تصادم کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں بانئ پی ٹی آئی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں 40 نامزد اور 100 نامعلوم کارکن بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے دوسرے روز بھی بند ہیں۔
پی ٹی آئی کا خیبر پختون خوا سے اسلام آباد احتجاج کے لیے آنے والا قافلہ ہزارہ انٹرچینج سے روانہ ہو گیا ہے۔