نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس لگانے کا اعلان کردیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 20 جنوری کو میکسیکو اور کینیڈا سے آنے والی تمام اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف پر دستخط کروں گا، یہ ٹیرف منشیات اور غیر قانونی تارکین وطن کا داخلہ بند ہونے تک نافذ رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ چین سے درآمد اشیاء پر بھی موجودہ ٹیرف سے 10 فیصد زیادہ ٹیکس عائد کریں گے، امریکا میں منشیات کی ترسیل روکنے کے چینی اقدامات تک اضافی ٹیکس رہے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی حکام نے وعدہ کیا تھا وہ منشیات اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
چین کا ردعمل
دوسری جانب اس معاملے پر چین کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور امریکا منشیات کے خلاف کارروائیوں پر رابطے میں رہے ہیں، دونوں ملکوں کا اقتصادی اور تجارتی تعاون باہمی فائدے پر مبنی ہے۔
ترجمان چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ کوئی بھی تجارت یا ٹیرف کی جنگ نہیں جیت پائے گا۔