وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی مانسہرہ پہنچ گئے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم کے بھائی تیمور سلیم نے تصدیق کی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے ہیں۔
’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ بشریٰ بی بی اور عمر ایوب خان بھی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم کی رہائش گاہ پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی نے رات کو سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں قیام کیا۔
سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب اور اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی محفوظ ہیں۔
دوسری جانب تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پولیس نے اسلام آباد میں سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، جناح ایونیو، سیونتھ ایونیو سے مظاہرین درجنوں گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پُرامن مظاہرین کے خلاف بربریت کا مظاہرہ کیا گیا، شہید کیے گئے 8 کارکنوں کے کوائف آ چکے ہیں۔