بھارت کی ہندی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے معروف اداکار ویویک اوبرائے نے بائیکاٹ اور ناکامیوں کے باوجود اتنا اثاثہ بنالیا جو انہیں بھارت کے ابتدائی 15 امیر ترین اداکاروں میں شامل کرتا ہے۔
بالی ووڈ اداکار ویویک اوبرائے حال ہی میں اس وقت خبروں میں آئے جب انہوں نے لگژری کار رولز رائس کلینن خریدی، جس کی قیمت تقریباً 12 کروڑ (بھارتی روپے) ہے۔
اس گاڑی کا شمار دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں ہوتا ہے، لہٰذا ویویک کے فلمی کیریئر کو دیکھتے ہوئے یہ سوالات اٹھے کہ وہ اتنی مہنگی کار کیسے خرید سکتے ہیں؟
تاہم، بہت سے لوگوں کو یہ علم نہیں کہ پچھلے دو دہائیوں میں وویک نے ایک کامیاب بزنس ایمپائر قائم کیا ہے، جو بہت سے بھارتی صنعتکاروں کےلیے باعثِ رشک ہے۔
2002 میں فلم کمپنی کے ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے ویویک اوبرائے کو فلمی دنیا کا اگلا بڑا ستارہ کہا جا رہا تھا۔ ‘ساتھیا’، ‘مستی’ اور ‘اومکارا’ جیسی ہٹ فلموں نے ان کی مقبولیت میں اضافہ کردیا لیکن ان کی ذاتی زندگی، خصوصاً ایشوریا رائے کے ساتھ تعلقات اور سلمان خان کے ساتھ تنازع نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچایا۔
یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف فلمی دنیا میں ’بائیکاٹ‘ کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں۔ اس کے باوجود ویویک نے ہار نہیں مانی اور تیلگو، ملیالم فلموں اور ویب سیریز انسائیڈ ایج کے ذریعے اپنی شناخت برقرار رکھی۔
کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ ان کا کیریئر ان تنازعات کے بعد کبھی مکمل طور پر پٹری پر نہیں آیا۔
بہت سے لوگوں کے لیے یہ حیرانی کی بات ہے کہ ویویک اوبرائے بھارت کے امیر ترین اداکاروں میں شامل ہیں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ان کا نیٹ ورتھ 1200 کروڑ روپے ہے جو انہیں بھارت کے 15 امیر ترین اداکاروں میں شامل کرتا ہے۔
ان کی دولت رنبیر کپور (350 کروڑ)، الو ارجن (340 کروڑ)، پربھاس (250 کروڑ) اور یہاں تک کہ رجنی کانت (400 کروڑ) جیسے مشہور اداکاروں سے بھی زیادہ ہے۔
ویویک اوبرائے نے اداکاری کے ساتھ ساتھ کاروبار میں سرمایہ کاری پر بھی توجہ دی۔ ان کی دولت کا بڑا حصہ کرما انفرااسٹرکچر نامی رئیل اسٹیٹ کمپنی اور میگا انٹرٹینمنٹ ایونٹ مینجمنٹ کمپنی سے آتا ہے۔ وہ اکوا آرک کے بانی بھی ہیں، جو متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ میں 2300 کروڑ کا پروجیکٹ ہے۔
اس کے علاوہ وہ سورنم یونیورسٹی کے شریک بانی ہیں اور کئی اسٹارٹ اپس میں اینجل انویسٹر کے طور پر بھی شامل ہیں۔
ویویک کے مطابق ان کے کاروبار نے انہیں اداکاری کو اپنے شوق کے طور پر جاری رکھنے میں مدد دی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ "اداکاری میرا جنون ہے اور کاروبار نے مجھے اسے خالصتاً اپنے شوق کے طور پر اپنانے کا موقع دیا ہے۔ اب مجھے ایسی چیزیں کرنے کی مجبوری نہیں جو مجھے پسند نہ ہوں۔ میں لوگوں کو ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ اپنی مالی آزادی حاصل کریں تاکہ آپ اپنے اور اپنے بچوں کے خواب پورے کر سکیں۔”
ویویک اوبرائے کو حال ہی میں روہت شیٹی کی ویب سیریز انڈین پولیس فورس میں دیکھا گیا جو ایمیزون پرائم ویڈیو پر دستیاب ہے۔ ان کی آخری فلم 2022 کی تیلگو فلم خدی رام بوس تھی۔