کراچی میں سپر ہائی وے جمالی پُل کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے پروفیسر طارق صلاح الدین اور ان کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ کل ادا کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق پروفیسر طارق صلاح الدین نے لواحقین میں بیٹی اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں، دونوں بیٹے تعلیم کے لیے جرمنی اور آسٹریلیا میں مقیم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے میں کالج پروفیسر طارق صلاح الدین اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اساتذہ قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے دل رنجیدہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپر ہائی وے پر تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار کر میاں اور بیوی کو کچل دیا تھا، عبداللّٰہ کالج کے پروفیسر طارق صلاح الدین اور ان کی اہلیہ نادیہ خان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج جاں بحق ہوگئے تھے۔